لاہور: عازمین کو حجاز مقدس پہنچانے کے لیے حج آپریشن کا آغاز ہوگیا، پہلی حج پرواز لاہور ایئرپورٹ سے 4بجکر45 منٹ پرروانہ ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق حج کی ادائیگی کے لیے عازمین حجاز مقدس روانہ ہوگئے، لاہور ایئرپورٹ سے نجی ایئرلائن کی پرواز 214عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔
نجی ایئرلائن کی پرواز میں 214عازمین سوار ہیں، وزیر مذہبی امور پنجاب سیدسعیدالحسن نے عازمین حج کو رخصت کیا، ڈائریکٹر حج ریحان عباس بھی لاہور ایئرپورٹ پر موجود رہے۔
اس موقع پر وزیرمذہبی امور پنجاب کا کہنا تھا کہ عازمین کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، حج پر جانے والے عازمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کا بہترین انتظامات پر شکرگزار ہوں، حکومت پاکستان نے تمام انتظامات پورے کرلیے، عازمین کو الوداع کہنے آنا میری خوش قسمتی ہے۔
سیدسعید الحسن کا مزید کہنا تھا کہ عازمین سے گزارش ہے پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے دعا کریں، حکومت تمام عازمین کو ہر قسم کی سہولت مہیا کرے گی۔
دوسری جانب قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 5 جولائی سے ہوگا، 78 ہزار عازمین حج کو 300 پروازوں سے حجازِ مقدس پہنچایا جائے گا۔
پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 5 جولائی، اختتام 14 ستمبر کو ہوگا
پی آئی اے حج سے قبل اپنے فلائٹ آپریشن کا آغاز دو دن بعد کر رہا ہے، تین سو پروازوں پر مشتمل آپریشن کے ذریعے اٹھتر ہزار عازمین حج کو لے جایا جائے گا۔