اسلام آباد (17 مئی 2026): اب تک ایک لاکھ 23 ہزار 684 عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق اس سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ ان میں سے ایک لاکھ 23 ہزار 684 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جو پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا تقریباً 69 فیصد ہیں۔
سرکاری اسکیم کے 97 ہزار 2028 اور 26 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین سعودی عرب میں موجود ہیں۔ سرکاری حج اسکیم کے تقریباً 81 فیصد عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں۔
ترجمان کے مطابق آج مزید 6 ہزار 643 عازمین 26 پروازوں سے سعودی عرب پہنچیں گے۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور سکھر سے حج پروازیں جاری ہیں، اور پاکستان سے حج پروازوں کا سلسلہ 21 مئی تک جاری رہے گا۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، سیکریٹری مذہبی امور کے ہمراہ پاکستان حج مشن کا دورہ کریں گے اور وہاں جاری حج انتظامات اور عازمین کو فراہم سہولیات پر بریفنگ لیں گے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی رہائشی عمارتوں کا دورہ کریں گے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق پاکستانی عازمین کی خدمت کیلیے معاونین حج، میڈیکل اور فیلڈ اسٹاف متحرک ہیں۔ حج مشن کی جانب سے عازمین کو رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
مکہ مکرمہ میں ہزاروں پاکستانی عازمین عبادات اور حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں جب کہ مدینہ منورہ سے بھی پاکستانی عازمین کی مکہ مکرمہ منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔
زاہد حسین مشوانی اے آر وائی نیوز کے سینئیر صحافی ہیں ،پارلیمنٹ ،انتخابات ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے علاوہ مذہبی اور سیاسی امور پر گہری نظر رکھتے ہیں۔


