کراچی : پی آئی اے کی بڑی غفلت کے باعث جدہ ایئرپورٹ پر حجاج کرام رُل گیے، انتظامیہ نے ایک ماہ سے خراب طیارہ بغیر چیک کیے حجاج کرام کو لینے جدہ بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ اور انجینئرز کی مبینہ غفلت کے باعث جدہ ایئرپورٹ پر سینکڑوں حجاج کرام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔
جدہ سے کراچی آنے والی حج پرواز پی کے 860 کے بوئنگ 777 طیارے کا ایئر کنڈیشننگ سسٹم فیل ہونے پر 393 حجاج کرام نے جہاز کے اندر ہی شدید احتجاج کیا، جس کے بعد پرواز 17 گھنٹے کی طویل تاخیر کے بعد روانہ ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ گزشتہ ایک ماہ سے مرمت کے لیے ہینگر میں کھڑا تھا، پی آئی اے انجینئرز نے مبینہ طور پر ٹیسٹ فلائنگ اور دوبارہ مکمل چیکنگ کیے بغیر ہی اس طیارے کو حجاج کرام کو لینے کے لیے جدہ روانہ کر دیا۔
حجاج کرام پہلے ہی جدہ ایئرپورٹ پر 15 گھنٹے سے زائد وقت سے کراچی روانگی کے منتظر تھے، جب انہیں طیارے میں بٹھایا گیا تو جہاز کے ایئر کنڈیشننگ سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ شدید گرمی اور حبس کے باعث مسافروں کا دم گھٹنے لگا، جس پر حجاج کرام نے شدید احتجاج کیا اور متبادل طیارے کے بغیر واپس جانے سے انکار کر دیا۔
صورتحال کشیدہ ہونے پر طیارے کے کپتان نے حجاج کرام کو واپس ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کرنے کی ہدایت کی، جہاں انہیں جہاز سے اتار کر منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حجاج کرام کو ہونے والی دشواری پر معذرت خواہ ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ "جہاز میں فنی خرابی کی اطلاع ملتے ہی انجینئرز کو بھیج دیا گیا تھا۔ سی ای او پی آئی اے اور انجینئرنگ انتظامیہ اس مسئلے کو جلد حل کرنے کے لیے کوشاں رہے، فنی خرابی کو مکمل طور پر دور کرنے کے بعد پرواز کو 17 گھنٹے کی تاخیر سے کراچی کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔”
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


