اسلام آباد (07 جون 2026): رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضۂ حج ادا کیا، جن پر مجموعی طور پر تقریباً 139 ارب 16 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 77 ہزار 743 حاجیوں نے 40 سے 45 روزہ لانگ حج پروگرام کا انتخاب کیا، جو سرکاری حج اسکیم کے مجموعی حاجیوں کا 65.2 فی صد بنتا ہے۔ لانگ حج پروگرام کے تحت فی حاجی تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے گئے جب کہ اس پروگرام کے مجموعی اخراجات تقریباً 89 ارب 40 کروڑ روپے رہے۔
دوسری جانب 41 ہزار 467 حاجیوں نے 20 سے 22 روزہ شارٹ حج پروگرام کے تحت حج ادا کیا، جو مجموعی سرکاری حج کوٹے کا 34.8 فی صد ہے۔ شارٹ حج پروگرام کے ہر حاجی نے تقریباً 12 لاکھ روپے ادا کیے جب کہ اس مد میں مجموعی اخراجات تقریباً 49 ارب 76 کروڑ روپے رہے۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کرنے والوں میں 50 ہزار 114 خواتین شامل تھیں، جو مجموعی حاجیوں کا 43.5 فی صد بنتی ہیں۔ مرد حاجیوں کی تعداد 65 ہزار 182 رہی جو کل حاجیوں کا 56.5 فیصد ہے۔
سعودی عرب سے بڑی خبر آگئی
ادائیگیوں کے طریقہ کار کے مطابق لانگ حج پروگرام کے حاجیوں نے پہلی قسط میں 5 لاکھ روپے اور دوسری قسط میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے جمع کرائے۔ شارٹ حج پروگرام کے حاجیوں نے پہلی قسط میں 5 لاکھ 50 ہزار روپے جب کہ دوسری قسط میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے۔
حجاج کو اضافی رہائشی سہولیات کے اختیارات بھی فراہم کیے گئے۔ دو بیڈ والے الگ کمرے کا انتخاب کرنے والوں نے فی کس 2 لاکھ روپے اضافی ادا کیے جب کہ تین بیڈ والے الگ کمرے کے انتخاب پر فی حاجی 67 ہزار روپے اضافی وصول کیے گئے۔
واضح رہے کہ مذکورہ 139 ارب 16 کروڑ روپے کے اخراجات میں پرائیویٹ حج اسکیم شامل نہیں۔ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت تقریباً 60 ہزار پاکستانیوں نے حج ادا کیا اور مختلف پیکجز کی مالیت 12 لاکھ روپے سے 40 لاکھ روپے تک رہے۔


