شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حاجرہ یامین نے اداکاروں کے انفلوئنسرز بننے پر اپنی رائے کا اظہار کردیا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’ڈاکٹر بہو‘ میں ’منسا‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ حاجرہ یامین نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ اداکار انفلوئنسرز نہیں ہیں ان کا کام ہم نہیں کرسکتے۔ اداکار اور انفلوئنسر دو الگ شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں اور دونوں کا کام ایک دوسرے سے مختلف ہے۔
حاجرہ یامین نے کہا کہ ایک اداکار کی اصل پہچان اس کی اداکاری اور کردار نگاری ہوتی ہے، جبکہ انفلوئنسرز سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے سامعین سے رابطہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی تجارتی اور مالی اہمیت میں اضافے کے باعث اب بہت سے اداکار بھی آہستہ آہستہ انفلوئنسرز کے کردار میں نظر آنے لگے ہیں۔
یہ پڑھیں: عرفان خان کی اہلیہ نے حاجرہ یامین کی اداکاری کی تعریف کردی
اداکارہ کے مطابق اس تبدیلی نے دونوں شعبوں کے درمیان موجود فرق کو کافی حد تک دھندلا دیا ہے۔ اداکار بعض اوقات زیادہ بول جاتے ہیں جس پر تنقید بھی ہوتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ ڈراموں کے اسکرپٹ پڑھ کر اندازہ نہیں ہوتا کہ یہ ہٹ ہوگا، آخری پانچ سالوں میں ہمارے ڈراموں کی ڈیمانڈ دنیا بھر میں بڑھ گئی ہے بعض اوقات یہ ہوتا ہے کہ ڈرامے باہر ممالک کے لوگوں کو پسند آرہے ہوتے ہیں لیکن یہاں کے لوگوں کو اچھے نہیں لگ رہے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں سوچتی کہ ڈرامہ ہٹ ہوگا بس اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کرتی ہوں۔


