شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حاجرہ یامین نے لڑکیوں کو مشورے دے دیے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’جلن‘ اور ’میرے اپنے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ حاجرہ یامین نے گزشتہ دنوں نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی اور نجی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔
ایک سوال کے جواب میں حاجرہ یامین نے کہا کہ ’میں انڈسٹری میں کچھ سال گزارنے نہیں آئی، میں مرتے دم تک اداکاری کرنا چاہتی ہوں۔‘
لڑکیوں کو دیے جانے والے 3 مشوروں کے سوال پر حاجرہ یامین نے کہا کہ میں نے بہت زیادہ دیکھا ہے کہ لڑکیاں محبت میں بے عزتی برداشت کرلیتی ہیں، اگر کوئی مرد آپ کو پہلی مرتبہ بے عزت کرے تو اسے اسی وقت چھوڑدیں، نہ کسی کو اپنی بے عزتی کرنے دیں نہ ہی خود کسی کو بے عزت کریں۔
حاجرہ یامین نے دوسرے مشورے میں کہا کہ لڑکیوں کو اپنی ذات کو ترجیح دینی چاہیے، شادی کے بعد ساری لڑکیاں پرسکون ہوجاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ذمہ داریوں کی وجہ سے اکثر لڑکیاں خود کو بھول جاتی ہیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے، دن کا ایک گھنٹہ خود کو ضرور دیں جس دوران آپ خود کو ریلیکس کرسکیں۔
اداکارہ نے تیسرے مشورے میں کہا کہ اونچے خواب نہ دیکھیں اور نہ ہی اپنے متعلق بہت زیادہ سوچیں۔
واضح رہے کہ حاجرہ یامین اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’جلن‘ اور ’میرے اپنے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، ’میرے اپنے‘ میں مداحوں کی جانب سے ان کی اور علی عباس کی جوڑی کو پسند کیا گیا تھا۔