کراچی : ایدھی ہوم میں مقتولہ حلیمہ کے بیٹے ننھے عبداللہ سے اس کے باپ چوہدری اقبال نے ملاقات کی لیکن عبداللہ ایک بار پھر اسے پہچان نہ سکا، عدالت نے دو جولائی کو چوہدری اقبال کو دوبارہ عبداللہ سے ملاقات کرنے کی اجازت دیدی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں چوہدری اقبال کی عبداللہ سے ملاقات کرائی گئی لیکن ننھا عبداللہ چوہدری اقبال کو پہچان نہ سکا، چوہدری اقبال عبداللہ کیلئے کپڑے، چاکلیٹ اور کھلونے بھی لائے، باپ نے عبداللہ کو پیار کرنے کی کوشش کی لیکن ننھا عبد اللہ چوہدری اقبال کے قریب نہ آیا۔
واضح رہے کہ چوہدری اقبال نے بطور والد عبد اللہ کو لینے کی درخواست دائر کر رکھی ہے، عدالت نے دو جولائی کو چوہدری اقبال کو دوبارہ عبداللہ سے ملاقات کرنے کی اجازت دیدی۔
دوسری جانب ننھے عبد اللہ کی والدہ حلیمہ کے قتل کیس میں نئے تفتیشی افسر نے ملزم رضوان کاریمانڈ مانگ لیا ہے، تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ رضوان سے کوئی تفتیش نہیں کی گئی۔
عدالت نے آئندہ سماعت میں ملزم کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس فائل طلب کرلی ہے۔