غزہ(18 مارچ 2026): حماس نے سیکیورٹی چیف علی لاریجانی پر اسرائیلی حملے کی مذمت کر دی۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے بدھ کے روز تہران میں ہونے والے اس "بزدلانہ” اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی، ان کے صاحبزادے اور متعدد دیگر افراد شہید ہو گئے ہیں۔
حماس نے اپنے ایک باضابطہ بیان میں علی لاریجانی کی جانب سے فلسطینی کاز کے لیے دی جانے والی مسلسل حمایت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ حماس نے ایرانی قیادت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کو ایران کی خود مختاری کے خلاف ایک واضح جارحیت قرار دیا ہے۔
حماس نے بیان میں کہا کہ ہم جناب علی لاریجانی اور اس وحشیانہ صیہونی-امریکی جارحیت میں جامِ شہادت نوش کرنے والے تمام شہداء کے سوگ میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم فلسطین کے مقصد اور ہمارے لوگوں کے جائز حقوق کی حمایت میں ان کے معزز اور جرات مندانہ موقف کو بھرپور طریقے سے سراہتے ہیں۔
حماس نے ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ پر خطے میں کشیدگی پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد خطے کے امن کو داؤ پر لگانا ہے، تاہم فلسطینی عوام اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


