غزہ: فلسطینی کے مزاحمتی گروپ حماس نے اسرائیلی شہر عسقلان کو بھی اپنی راکٹوں کا نشانہ بنا دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس نے عسقلان شہر پر بھی راکٹ برسا دیے ہیں، جس کے بعد تل ابیب سمیت دیگر شہروں میں بھی سائرن بج اٹھے۔
ڈیلی الصباح نے رپورٹ کیا کہ فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے منگل کے روز غزہ سے شہریوں کی نقل مکانی کے ردعمل میں وسطی اسرائیل کے علاقے عسقلان کی جانب سینکڑوں راکٹ فائر کیے۔ حماس کے مسلح ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ نے شہر کے رہائشیوں سے کہا کہ وہ شام پانچ بجے تک علاقہ چھوڑ دیں۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق حماس کے عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے جنوبی ساحلی شہر عسقلان کو آنے والے گھنٹوں میں ایک بڑے راکٹ حملے کی دھمکی دی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر کہا کہ ہمارے لوگوں کو بے گھر کرنے اور انھیں غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں میں اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کرنے کے دشمن کے جرم کے جواب میں، ہم نے مقبوضہ شہر عسقلان کے رہائشیوں کو شام 5 بجے سے پہلے نکل جانے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
واضح رہے کہ سر فروشوں نے 4 روز میں 5 ہزار سے زائد راکٹ داغ کر اسرائیل کے آئرن ڈوم کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے، اور 150 فوجیوں سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1200 تک پہنچ گئی، ایک حملے میں باڑ پر لگا فلسطینی پرچم اتارنے والے اسرائیلی فوجیوں کے پرخچے اڑ گئے۔