لاہور: وزیر مملکت برائے خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ مفرور اور اشتہاری ملزم اسحاق ڈار ملکی معیشت کا ٹھیکہ مانگ رہے ہیں انہیں چاہیے کہ پاکستان آکر عدالتوں کا سامنا کریں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حماد اظہر نے اسحاق ڈار کے حالیہ بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’مفرور اور اشتہاری شخص معیشت کا ٹھیکہ مانگ رہا ہے اُسے کس چیز کا ٹھیکہ دیا جائے‘ْ
اُن کا کہنا تھا کہ جو آج ہماری حکومت اور ملکی کی صورتحال پر تنقید کررہے ہیں انہوں نے ہی غلط اعداد و شمار پیش کر کے ملکی معیشت تباہ کی۔ حماد اظہر نے اسحاق ڈار کو مشورہ دیا کہ وہ واپس پاکستان آئیں اور اپنے خلاف چلنے والے مقدمات کا سامنا کریں۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ نے ایوان میں مضحکہ خیز قرار داد جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنا وزیر خزانہ اسد عمر کے بس کی بات نہیں ہے۔
انہوں نے قرارداد میں مطالبہ کیا کہ معاشی مسائل حل کرنے کے لیے خزانہ کا محکمہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹھیکے پر دیا جائے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے روزِ اول سے ہی تحریک انصاف کی حکومت پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ ملکی معیشت تباہ حالی کا شکار ہورہی ہے اور حکومت کوئی اقدامات نہیں کررہی۔