اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اور معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ ریحام خان نے الیکشن سے دو ہفتے قبل کتاب کی رونمائی کرنی ہے، دعوے سے کہتا ہوں ایک ڈیڑھ ہفتے میں ریحام خان کی کتاب کو دفن کردوں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ریحام خان نے کتاب کی رونمائی کے لیے مہم بنا رکھی ہے، میری انیلہ خواجہ سے بات ہوئی، گھٹیا الزامات پر وہ رو رہی تھیں، ریحام سے پوچھتا ہوں انیلہ خواجہ، عظمیٰ کاردار کیا عورتیں نہیں۔
تحریک انصاف کے مطابق ریحام خان کی کتاب میں غیر اخلاقی، بے ہودہ اور گھٹیا قسم کے الزامات ہیں، ان کی کتاب میں عمران خان کے خلاف جھوٹی اور غلیظ باتیں کی گئیں، دوسری طرف شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز بہت اچھے لوگ ہیں۔
حمزہ علی عباسی نے کہا کہ عندلیب عباس اور میں پاکستان میں ریحام خان کو نوٹس بھیجیں گے، انہوں نے مجھ پر نقلی ای میل سے دھمکیاں دینے کا جھوٹا الزام لگایا، ریحام کہتی ہے اس کی احسن اقبال سے بات ہوئی ہے، احسن اقبال جھوٹے آدمی ہیں چار دن پہلے کہتے ہیں کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ریحام کی کتاب سوچی سمجھی سازش کے تحت لائی گئی ہے، مسلم لیگ (ن) کا منصوبہ ہے الیکشن سے پہلے گھٹیا الزامات میڈیا کی توجہ بن جائیں جبکہ انہوں نے عمران خان کی بہنوں کے بارے میں بھی گھٹیا باتیں کیں، ریحام خان نے اپنی کتاب میں لکھا وہ نمازی اور پرہیز گار ہیں۔