لاہور : مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز کا کہنا ہے کفن میں جیب نہیں ہوتی،اربوں کے اکاؤنٹس اور سب کچھ دنیامیں ہی رہ جائےگا، لوگ کام دیکھ کر ووٹ دیں گے،یہ جمہوریت کی جیت ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کفن میں جیب نہیں ہوتی، اربوں کے اکاؤنٹس اورسب کچھ دنیا میں ہی رہ جائے گا، لوگ میرا چہرہ نام بھول جائیں گے، صرف اچھے کام یاد رکھےجائیں گے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کام کیلئے زبانی جمع خرچ نہیں کرنا پڑتا، کام خود بولتا ہے، کراچی میں تاجرکاروبار کرنے سے ڈرتے تھے، ضرب عضب کے باعث پاکستان امن کا گہوارہ بننے جارہا ہے، پاکستان کے لئے قربانی دینے والے شہدا کوسلام پیش کرتا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے نے کہا کہ سرگودھامیں ترقیاتی کام جاری ہیں، میری باتوں اورآپ کی تالیوں سے کام نہیں ہونے والے، 2013 میں اندھیروں کے ڈیرےتھے،ن لیگ نے لوڈشیڈنگ ختم کی، والد نے کہا بھیک مانگنے والے کبھی فیصلے نہیں کرسکتے، ایل این جی کے منصوبے حکومت نےاپنےپیسوں سے لگائے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ہوتےہی بجلی کا جن ہمیشہ کیلئے بوتل میں بند ہوجائے گا، ملک میں 20،20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوا کرتی تھی، لاہور میں گرمی میں لوگ بسوں کے انتظارمیں کھڑے رہتے تھے، میٹروکوجنگلہ بس کہنے والے کہتے رہے، انہیں اب پشاورمیں میٹرو یاد آگئی۔
مزید پڑھیں : عمران خان انتظار میں رہتےہیں، کہیں سے کوئی شیروانی آجائے اور وہ وزیراعظم بن جائیں،حمزہ شہباز
رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ خوشی کی بات ہے،عوام میں شعور آچکاہے، لوگ کام دیکھ کر ووٹ دیں گے،یہ جمہوریت کی جیت ہے، لوگ فیصلہ کریں گے تو ملک قائداعظم کاخوشحال پاکستان بنےگا۔
مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کی شہادت پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں شہادتوں کاسلسلہ کئی دہائیوں سےچل رہا ہے، کشمیریوں کی شہادت پردل خون کے آنسو روتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے،کوئی اسے میلی آنکھ سےنہیں دیکھ سکتا، ہم نے ملک کو اور آگے لے کر جانا ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ عوام کی تقدیر بدل دےگا، ہم نےٹھیکہ نہیں لیاکہ ایم این اےیاایم پی اےبننا ہے، کوئی کہتاہےمیری باری آنی ہے،کوئی کہتا ہے میری باری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے کا کہنا تھا کہ بجلی منصوبے مکمل کرنے کے بعد پانی کے ذخائر لگائیں گے، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت اورتعاون جاری رکھےگا، کسی سے ادھارمانگو تو ادھاردے دے گا لیکن عزت چلی جاتی ہے، روکھی سوکھی کھا کر اپنے پیروں پر کھڑے رہنا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ لمبی لمبی تقریروں پردھیان نہ دیں،یہ سوچیں کون بہترہے، عوام ووٹ کسی کوبھی ڈالیں لیکن ضرور ڈالیں، کیا ارب پتیوں نے ٹھیکہ لیا ہوا ہےکہ ان کے بچوں کواعلیٰ تعلیم ملے گی، بے سہارا لوگوں کا قصور یہ ہے، ان کے پاس پیسہ نہیں لیکن ٹیلنٹ ہے۔