بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں میچ کے دوران ڈرامہ سیریل ’میری زندگی ہے تو‘ کا او ایس ٹی چلا دیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اداکارہ ہانیہ عامر نے بنگلادیش پریمیئر لیگ میں میچ کے دوران ’میری زندگی ہے تو‘ کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (او ایس ٹی) چلانے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں بی پی ایل میچ کے دوران ہزاروں کی تعداد میں شائقین ’میری زندگی ہے تو‘ گنگنا رہے ہیں۔
ہانیہ عامر نے انسٹام گرام اسٹوری میں کلپ کو دوبارہ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آئی لو یو سو مچ‘ (میں آپ سے بہت پیار کرتی ہوں۔)
اس سے قبل بھارتی اداکارہ شہناز گل نے بھی او ایس ٹی پر ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ وہ اس گانے کے سحر میں مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ او ایس ٹی میں عاصم اظہر نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جبکہ ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض مصدق ملک نے انجام دیے ہیں۔
’میری زندگی ہے تو‘ کے مرکزی کردار بلال عباس اور ہانیہ عامر ہیں جبکہ اس کی دیگر کاسٹ میں علی خان، عدنان جعفر، مہر جعفر، جویریہ عباسی، ارجمند رحیم، شازیہ قیصر، علی رحمان ودیگر شامل ہیں۔



