جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

ہانیہ احمد ہلاکت کیس میں اہم پیش رفت، نامزد سی سی ڈی اہلکار کے خلاف دفعہ 302 شامل

اشتہار

حیرت انگیز

چکوال (14 جون 2026): چکوال میں سی سی ڈی اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے 9 سالہ آسٹریلوی شہری ہانیہ احمد کی ہلاکت کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مقدمے میں نامزد اہلکار کے خلاف قتل عمد کی دفعہ 302 شامل کر لی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر مقدمہ دفعہ 322 (قتلِ خطا) کے تحت درج کیا گیا تھا، تاہم تفتیش کے دوران حاصل ہونے والے شواہد اور فرانزک جائزے کی روشنی میں مقدمے میں دفعہ تین سو دو شامل کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد سی سی ڈی اہلکار شجاع کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والی رائفل بھی برآمد کر لی گئی ہے جب کہ ملزم کو عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل چکوال میں آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی خاندان لوٹ مار کی واردات کے بعد فائرنگ کی زد میں آ گیا تھا۔ واقعے میں 9 سالہ ہانیہ احمد جاں بحق جب کہ اس کے والد عدیل احمد اور بھائی عفان شدید زخمی ہو گئے تھے۔


سی سی ڈی کی آسٹریلوی شہری کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ، پنجاب پولیس کا تحقیقات سے انکار


ابتدائی طور پر واقعے کو ڈاکوؤں کے تعاقب کے دوران پیش آنے والا حادثہ قرار دیا گیا، تاہم بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کے جائزے میں سی سی ڈی اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سامنے آئی، جس پر ایک اہلکار کو نامزد کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق کیس کی حساس نوعیت کے پیش نظر مقدمے کی تفتیش تھانہ سٹی پولیس سے واپس لے کر سی سی ڈی کے سپرد کر دی گئی ہے جب کہ ایس پی انویسٹی گیشن ساجد گوندل کی سربراہی میں قائم جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

دوسری جانب آسٹریلین میڈیا کے مطابق آسٹریلوی حکومت بھی اپنی شہری ہانیہ احمد کی ہلاکت اور اس کے اہل خانہ کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لے چکی ہے، جس کے بعد یہ معاملہ بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ آسٹریلوی میڈیا نے اے آر وائی نیوز کی بریکنگ کے اسکرین شاٹس بھی چلائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں