راولپنڈی: سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی ہانیہ کے زخمی والد اور بھائی کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تاہم باپ بیٹے کو صدمے سے نکلنے کے لیے وقت درکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق چکوال میں ہانیہ احمد کیس میں زخمی ہونے والے باپ اور بیٹے کے حوالے سے اہم پیش سامنے آئی، دونوں زخمیوں کو راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال سے طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
عفان کے نانا محمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ زخمی باپ اور بیٹا تیزی سے صحت یابی کی طرف گامزن ہیں۔
تاہم انہوں نے بتایا کہ کمسن عفان کو جسمانی طور پر مکمل طور پر ٹھیک ہونے میں ابھی مزید وقت درکار ہوگا، کیونکہ اس واقعے کے دوران اس کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی جس کا علاج تاحال جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جسمانی زخموں کے علاوہ باپ اور بیٹے پر اس ہولناک واقعے کا گہرا ذہنی اثر ہوا ہے۔ دونوں شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں اور انہیں اس گہرے صدمے اور خوف کے ماحول سے باہر نکلنے کے لیے طویل وقت درکار ہوگا۔
اہلخانہ نے عوام سے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔


