راولپنڈی : وفاقی وزیر حنیف عباسی نے بانی پی ٹی آئی سے ڈیل سے متعلق سوال پر کہا شادی سے پہلے دونوں اطراف کی رضامندی ضروری ہے،اگر رضا مندی ہو گئی تو ڈیل ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر حنیف عباسی نے راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر قیدی کا قانونی اور آئینی حق ہے کہ اسے علاج معالجے کی مکمل سہولت دی جائے، علاج ہر قیدی کا بنیادی حق ہے اور اس معاملے میں کسی سے امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔
بانی پی ٹی آئی سے ڈیل سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شادی سے پہلے دونوں اطراف کی رضامندی ضروری ہے،اگر رضا مندی ہو گئی تو ڈیل ہو جائے گی۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ مجھے بھی گرفتار کیا گیا تو ذاتی معالجین تک رسائی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے کی خواہش غلط ہے، جلاؤ گھیراؤ کر کے حکومت نہیں لی جا سکتی، پاکستان کو نقصان پہنچا کر اقتدار نہیں ملتا اور ملک کسی ایک جماعت، صوبے یا گروہ کا نہیں بلکہ سب کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں حرفِ آخر نہیں ہوتا، آج کے حریف کل کے ساتھی بن سکتے ہیں۔ اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اکٹھے ہو سکتے ہیں تو دیگر جماعتوں کے لیے بھی سیاسی گنجائش موجود ہے۔ تاہم سیاست میں گالم گلوچ اور انتشار کی کوئی جگہ نہیں۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو موبائل فون سے دور رکھ کر عملی زندگی میں قدم رکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
تاجروں کی ہڑتال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ ہڑتال سے قبل مسائل حل کیے جائیں، کیونکہ کوئی مسئلہ ایسا نہیں جو بیٹھ کر حل نہ کیا جا سکے۔


