اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی وزیراعظم کے معاونِ خصوصی کے عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے، شیخ رشید نے ان کی تعیناتی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ، حنیف عباسی کے استعفے کی کاپی وزیر اعظم کو موصول ہوگئی ہے۔
حنیف عباسی کا اپنے استعفے میں اعتماد کیے جانے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی عہدے کے بغیر بھی عوامی خدمت کرسکتے ہیں۔
حنیف عباسی کو وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا معاون خصوصی مقرر کیا تھا تاہم ان کی تعیناتی کو سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے عبوری حکم نامہ میں وزیراعظم کو حنیف عباسی کو معاون خصوصی کے عہدے پر تعیناتی کے فیصلے پر نظرثانی کی ہدایت کی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حنیف عباسی کو بطور وزیراعظم کے معاون خصوصی کام سے روکتے ہوئے ریمارکس دئیے تھے سزا برقرار ہو اور کالعدم نہ ہو تو کوئی پبلک آفس ہولڈ نہیں کرسکتا۔