The news is by your side.

Advertisement

ہرارے : پاکستان نے زمبابوے کیخلاف ٹی 20 سیریز جیت لی

ہرارے : پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر ٹی 20 سیریز اپنے نام کرلی،  166کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 141 رنز بنا سکی۔

ہرارے میں کھیلے جانے والے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے اور اہم فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو ہرا کر 3میچوں کی سیریز 2-1سے جیت لی۔

پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 165رنز بنائے جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 141رنز بنا سکی ۔پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 60گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 91سکور بنائے۔

میچ کے آغاز میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کار آمد ثابت ہوا، میچ کے آغاز میں اوپنر محمد رضوان اور شرجیل خان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 5اوورز میں 35رنز بنائے جہاں شرجیل خان 15 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 18رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

 کپتان بابر اعظم  نے 46 گیندوں پر 52 رنز بنائے، اس طرح ٹی 20 میں تیز ترین 2 ہزار رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ بابر اعظم نے 54 میچوں میں 2 ہزار رنز مکمل کئے۔

کپتان اپنا اعزاز پانے کے بعد آخری اوور میں آوٹ ہوئے۔ فخر زمان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 91 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے زمبابوے کیخلاف نصف سنچریاں اسکور کیں، بابراعظم نے 44 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جبکہ محمد رضوان نے نصف سنچری39گیندوں پر مکمل کی۔ زمبابوے کے بولرلوکی جونگوے نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں زمبابوے کی ٹیم  اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکی۔ زمبابوے کی جانب سے ویسلے مدھویرے 59،تاریسے مشکاندا 10،تیدوانشے مرمانی 35،برینڈن ٹیلر 20،ریگز چیکبوا صفر ،سین ویلیمز نو اور لیوک جونگوے پانچ سکور بنا کر آوٹ ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے تباہ کن باولنگ کرتے ہوئے حسن علی نے چار ،حارث رؤف نے دو جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

میچ کے آغاز  پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھاکہ  ہماری کوشش ہوگی کہ اس بار زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کریں، آج کے میچ کیلئے ٹیم میں تین اہم تبدیلیاں کی گئی تھیں ، آصف علی ، دانش عزیز اور ارشد اقبال کو ٹیم سے ڈراپ کر کے شرجیل خان ، سرفراز احمد اور حسن علی کو شامل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان اور زمبابوے ایک ایک جیت کے ساتھ برابر تھے اس لیے  آج کا میچ فیصلہ کن تھا ۔ پاکستان نے پہلے ٹی 20میچ میں زمبابوے کو 11رنز سے شکست دی تھی ، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 149رنز بنائے تھے جبکہ زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 138رنز بنا پائی۔

دوسرے ٹی 20میچ میں پاکستان کو  بڑی اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا ، زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 118رنز بنائے تھے ، جواب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم 99کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی تھی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں