پاکستانی ٹی وی اور فلم کے نامور اداکار ہارون شاہد نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پیش کیے جانے والے منفی تاثر کے برعکس، پاکستان ترقی کے معاملات میں بھارت سے کہیں آگے ہے۔
ہارون شاہد نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور موسیقار کیا تھا، ‘ورنہ’ اور ‘خاص’، ‘دو بول’، ‘قیامت’ اور ‘جان نثار’ جیسے ہٹ ڈراموں سے شہرت حاصل کر چکے ہیں اور ان دنوں بھی ان کی اداکاری کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
حال ہی میں ایاز سمو کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ہارون شاہد نے بھارت اور پاکستان کا موازنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا سمجھتی ہے کہ ہم بھکاری ہیں، ہمارے پاس گندم، فصلیں یا وسائل کچھ بھی نہیں ہیں، لیکن انہیں پاکستان آ کر دیکھنا چاہیے کہ ہمارے پاس ہر چیز موجود ہے۔ ہم وہ بالکل نہیں ہیں جو میڈیا کے ذریعے دکھایا جاتا ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ اگر انفراسٹرکچر، ترقی، غربت میں کمی، صفائی ستھرائی اور شہریوں کے شعور کی بات کی جائے تو پاکستان بھارت سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ ہے اور یہ بات اب بین الاقوامی میڈیا پر بھی واضح ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ وہ دنیا کے نقشے پر اپنے ملک کو جس انداز میں پیش کر رہا ہے وہ انتہائی برا معلوم ہوتا ہے اور اب عالمی سطح پر ان کی تعریفیں نہیں ہو رہیں۔
اس موقع پر پوڈ کاسٹ کے میزبان ایاز سمو نے بھی ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب بھارتی میڈیا کا پیدا کردہ منفی تاثر ہے، ورنہ جو بھارتی شہری پاکستانی ڈرامے دیکھتے ہیں وہ خود اعتراف کرتے ہیں کہ پاکستان اس تصویر سے کہیں زیادہ بہتر اور خوبصورت ہے جو بھارت میں دکھائی جاتی ہے۔


