کراچی: وفاقی وزیر جہاز رانی و بندر گاہ جات میر حاصل خان بزنجو نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا دورہ کیا اور کہا کہ پی این ایس سی ایک منافع بخش ادارہ ہے۔
پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے چئیرمین عارف الٰہی اور ڈائریکٹر بریگیڈئیر راشد صدیقی نے وفاقی وزیر جہاز رانی و بندر گاہ میر حاصل خان بزنجو کو پی این ایس سی کے بارے میں بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلوں سے آگاہ کیا جس پر سرکاری نگراں کمیٹی کی تجاویز میں نرم ترامیم کی سفارش کی تاکہ پی این ایس سی کو نئے جہازوں کی خریداری میں حائل مشکلات دور کی جاسکیں ۔
انہوں نے بتایا کہ پی این ایس سی اِس وقت کم عمر جہازوں کی مالک ہے جس کی وجہ سے مزید 19سال تک یہ جہاز منافع کماتے رہیں گے جبکہ رواں سال منافع چار فیصد اضافے سے 31 فیصد ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بورڈ کو سخت ہونا پڑے گا تاکہ ان کے فیصلوں اور انتظامیہ کی محنتوں سے پاکستان کو مزید زر مبادلہ حاصل ہوسکے، چیئرمین پی این ایس سی نے بتایا کہ مزید سہولتیں ملنے پر مزید زرمبادلہ کمانے کی امید ہے۔