پیٹرمارٹزبرگ (15 اکتوبر 2026): ٹی 20 میچ میں بولر نے ہیٹ ٹرک ڈبل ہیٹ ٹرک اور پانچ وکٹیں یہ سب کارنامہ ایک ہی اوور میں انجام دیا۔
کرکٹ بائی چانس مگر حیرت انگیز ریکارڈ کے لیے مانا جانے والا کھیل ہے، جس میں ہر روز کوئی نیا ریکارڈ بنتا اور ٹوٹتا ہے جب کہ کچھ ایسے ریکارڈ بھی بنتے ہیں، جن پر یقین نہیں آتا۔
ایسا ہی ایک ریکارڈ گزشتہ روز جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے کرکٹ لیگ پرو ٹی 20 کپ میں بنا جس میں کے زید این اِن لینڈ کے نوجوان فاسٹ بولر چاڈ لیکاک نے ٹائٹنز کے خلاف نا قابل فراموش کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
21 سالہ بولر نے ٹائٹنز کی اننگ کا 19 واں اوور کرایا تو اس میں پہلے ہیٹ ٹرک پھر ڈبل ہیٹ ٹرک اور پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ ایک ہی اوور میں انجام دے دیا، تاہم اس نا قابل فراموش کارکردگی کے باوجود وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔
چاڈ نے ابتدائی تین گیندوں پر لگاتار 3 وکٹیں لے کر ہیٹ ٹرک بنائی اور جب چوتھی گیند پر چوتھی وکٹ لی تو (کرکٹ کی اصطلاح میں) یہ ان کی ڈبل ہیٹ ٹرک تھی۔
بولر کی پانچویں گیند پر کوئی وکٹ نہیں ملی لیکن آخری گیند پر وکٹ لے کر انہوں نے ایک اوور میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی انجام دے دیا۔
یوں ٹی 20 کرکٹ میں وہ ڈبل ہیٹ ٹرک کرنے اور ایک ہی اوور میں پانچ وکٹیں لینے والے جنوبی افریقہ کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔ چاڈ نے میچ میں 26 رنز دے کر مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مگر ان کی ٹیم کو 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل آئی سی سی کی مکمل رکن ٹیموں کے بولرز لاستھ ملنگا، راشد خان، کرٹس کیمفر اور جیسن ہولڈر ڈبل ہیٹ ٹرک یعنی لگاتار چار وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
جب کہ چاڈ مینز ٹی 20 کرکٹ میں ایک ہی اوور میں پانچ وکٹیں لینے والے دنیا کے چوتھے بولر بن چکے ہیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کے الامین حسین، بھارت کے ابھیمنیو متھن اور انڈونیشیا کے گیڈے پرانندا یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
تاہم چاڈ لیکاک وہ پہلے بولر ہیں جنہیں ہیٹ ٹرک، ڈبل ہیٹ ٹرک اور پانچ وکٹوں کا حصول ایک ہی اوور میں حاصل ہوا ہے۔
پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز ایک ہی ٹیم میں کھیلیں گے! کب ہو رہا ہے یہ میچ؟


