لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، بنگلہ دیش اور ایم سی سی کو پاکستان لانے کی کوشش کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز ملک میں ہونے کو خوش آئند قرار دیا، وسیم خان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی میریلیبون کرکٹ کلب(ایم سی سی) کو پاکستان لانے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ سے 3 ٹی 20میچز کی سیریز پر بھی بات چل رہی ہے۔
خیال رہے کہ 10سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے، گزشتہ ہفتے سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی منظوری دی۔
قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلے گی، سری لنکن ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 11سے15دسمبر تک راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19سے23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے بعد ہی ٹیسٹ شیڈول بھی زیرغور تھا۔
10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی
دوسری جانب پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو میں بھی دنیا بھر کے نامور کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہیں، پی ایس ایل 2020 کے لیے پلاٹینم کیٹگری کے بعد ڈائمنڈ کیٹگری کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں 58غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔
پی ایس ایل فائیو؛ ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست جاری
ابتدائی فہرست میں ڈیوڈمیلان سمیت انگلینڈ کے19کھلاڑی کیٹگری کاحصہ ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے12 اورجنوبی افریقہ کے11کھلاڑی شامل ہیں، پی ایس ایل سیزن فائیو کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل 21نومبر تک جاری رہےگا۔