منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

حضرت لعل شہباز قلندر کے 774 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز

اشتہار

حیرت انگیز

جامشورو: حضرت لعل شہباز قلندر کے774 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ، ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند سیہون شریف پہنچ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جامشورو میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے 774ویں سالانہ عرس کی تقریبات باقاعدہ طور پر شروع ہو گئی ہیں۔

ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند سیہون شریف پہنچ گئے ہیں اور درگاہ پر حاضری دے کر عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کچھ دیر میں مزار پر چادر چڑھا کر عرس کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ عرس کے پہلے روز ملاکھڑا، سگھڑوں کی کچہری اور دیگر ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے تعینات ہیں تاکہ زائرین کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی تعلیمات محبت، رواداری، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا عملی درس دیتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ نے اپنے کردار اور عمل سے امن، اخوت اور روحانیت کی ایسی شمع روشن کی جو آج بھی دلوں کو منور کر رہی ہے۔ اولیائے کرام کی تعلیمات معاشرے میں برداشت، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ عرسِ قلندرؒ عقیدت، احترام اور روحانی وابستگی کے اظہار کا عظیم موقع ہے، اور آج کے دور میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ صوفیوں اور بزرگوں کی سرزمین ہے جہاں امن، محبت اور بھائی چارے کی روایت ہمیشہ قائم رہے گی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں