اسلام آباد : کل ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکی، ایران، آذر بائیجان، تاجکستان، قازقستان اور کرغیزستان کے سربراہان اسلام آباد پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون کی تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کا اجلاس کل اسلام آباد میں شروع ہونے جا رہا ہے جس میں شرکت کے لیے ترکی، ایران، آذربائیجان، تاجکستان، قازقستان اور کرغیزستان کے سربراہان ایک ایک کرکے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
اس موقع پر ایئرپورٹ پر کافی گہما گہمی دیکھنے میں آئی جب کہ وی آئی پی موومنٹس بھی جاری رہیں. سربراہان ممالک کے استقبال کے لیے وفاقی وزراء پر مشتمل مختلف وفد موجود تھے جنہوں نے مہمانان گرامی کا استقبال کیا جب کہ ایک ہراول دستے نے مہمان صدور کوسلامی بھی پیش کی۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے دیگر تین ممالک کے سربراہان بھی جلد پاکستان پہنچ جائیں گے اور کل کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں اقتصادی منصوبوں اور تعاون کے دائر کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں ہونے والے اس اہم اجلاس کے لیے مکمل تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جب کہ کل اجلاس کے روز دارالحکومت میں تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے اس اہم اور تاریخی موقع پر اپنے ایک بیان میں تمام رکن ممالک کے سربراہان کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اجلاس اس بات کی غماز ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر تنہا نہیں ہوا ہے اور ایسا پروپیگنڈا کرنے والے جھوٹے ہیں کیوں کہ نہ صرف یہ اجلاس ہوگا بلکہ نئے اقتصادی بلاک کی راہ بھی ہموار ہو گی۔
واضح رہے کہ ای سی او کے 10 رکن ممالک میں پاکستان ،ترکی ،ایران افغانستان، ترکمانستان، کرغیزستان، ازبکستان، قزاقستان، تاجکستان، اور جمہوریہ آذربائیجان شامل ہیں۔