ثرید ایک ایسا عربی پکوان ہے جو ذائقے، طاقت، ہضم اور فوائد کے لحاظ سے تمام کھانوں سے بہتر سمجھا جاتا ہے، تاہم اس میں بہت زیادہ مسالوں کا استعمال نہیں ہوتا۔
یہ روایتی گوشت کے شوربے میں روٹی کے ٹکڑے بھگو کر تیار کی جانے والی ایک غذائیت بخش ڈش ہے۔
یہ بکرے، مرغ یا بٹیر کے گوشت، ٹماٹر، پیاز اور مسالوں کے گاڑھے شوربے میں پتلی روٹی کے چھوٹے ٹکڑے ڈال کر، بڑے تھال میں سلاد کے ساتھ دسترخوان پر سجائی جاتی ہے۔
اس لذیذ پکوان کو پشتو زبان میں ”پینڈا“ سرائیکی میں ”ثوبت“ اور عربی میں ”ثرید“ کہا جاتا ہے۔ یہ ایک ایسی خوش ذائقہ غذا ہے کہ جو گوشت ملے شوربے میں روٹیوں کے ٹکڑوں کو بھگو کر بنائی جاتی ہے۔
سادہ چکن ثرید بنانے کی تر کیب (چار سے پانچ افراد کے کھانے کیلئے)
ضروری اشیاء:
کوکنگ آئل ایک سے ڈیڑھ کپ۔ چکن کی درمیانے سائز کی بوٹیاں۔ لیموں ایک عدد۔ پیاز تین عدد (درمیانی سائز) ٹماٹر پانچ عدد۔ دہی آدھا کپ۔ ہری مرچیں تین عدد کٹی ہوئیں۔ آلو بخارا چھ دانے پہلے سے پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ نمک اور مرچ حسب ذائقہ۔ دھنیا پاؤڈر، ہلدی ایک ایک چمچہ۔ پسا ہوا گرم مسالا ایک چائے کا چمچہ۔ ثابت گرم مسالا، کالی مرچ، لونگ، بادیان، جاوتری اور کالا زیرہ حسب زائقہ۔ لہسن اور اَدرک کا پیسٹ ایک چمچ۔
نوٹ: لیموں کاٹ کر اس کا رس چکن کی بوٹیوں پر لگا کر ایک گھنٹے کیلئے رکھ دیں۔ اس طرح بوٹیاں گھلتی نہیں ہیں اوران میں کھٹا پن بھی آجاتا ہے۔
چکن ثرید بنانے کی ترکیب
ایک دیگچی میں آئل ڈال کر اس میں کٹی ہوئی پیاز ڈالیں اور براؤن ہونے تک چمچہ برابر ہلاتے رہیں، ساتھ ہی ٹماٹر کاٹ کر اس میں نمک، مرچ، ثابت گرم مسالا، لہسن اورادرک کا پیسٹ اور پانی ملا آلو بخارا (پانی سمیت)براؤن کئے ہوئے پیاز میں ڈال کر خوب ہلائیں۔
ٹماٹروں کو اتنا بھونیں کہ گاڑھا پیسٹ بن جائے اور خوشبو اٹھنے لگے، اب اس میں چکن کی بوٹیاں ڈال دیں اور دوبارہ سے اچھی طرح بھونیں۔
بعد میں دہی ڈال کر اتنا ہلائیں کہ تیل اور مسالا الگ الگ ہو جائے، اب اس میں ہری مرچیں ڈال کر تھوڑا سا مزید بھونیں اور پھر چار گلاس پانی ڈال کر ایک ابھار آنے تک تیز آنچ پر پکائیں۔
ابھار آنے کے بعد آنچ بالکل ہلکی کردیں اور ساتھ ہی پسا ہو امسالا، دو چمچ بیج والی سرخ مرچ ڈال کر ہلکی آنچ پر دس منٹ تک مزید پکائیں، بعد میں چولہا بند کردیں، ثرید کاشوربہ اور چکن تیار ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


