کراچی : شہر قائد میں منکی پاکس کا کیس سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت نے الرٹ جاری کر دیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبرانے کے بجائے احتیاط کریں اور تیز بخار یا جلد پر غیر معمولی دانے نکلنے کی صورت میں فوری سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے کراچی کے علاقے بفر زون کے رہائشی ایک 20 سالہ نوجوان میں ایم پاکس وائرس کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد شہر بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ نوجوان میں 2 اپریل کو تیز بخار، سر درد اور جسم پر دانوں جیسی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔ ڈاؤ یونیورسٹی (DUHS) کی لیبارٹری سے کرائے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ 8 اپریل 2026 کو مثبت آنے پر مریض کو فوری طور پر سندھ انسٹی ٹیوٹ آف انفیکشس ڈیزیز (SIDH) کے آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
طبی حکام کے مطابق مریض کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔
صوبائی ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف سید کی ہدایت پر ڈاکٹر شنکر کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو وائرس کے پھیلاؤ کے اسباب کا جائزہ لے رہی ہے۔
انتظامیہ نے مریض کے والدین اور کزن کی شناخت کر کے انہیں کڑی نگرانی میں رکھا ہے، تاہم ابھی تک ان میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبرانے کے بجائے احتیاط کریں اور تیز بخار یا جلد پر غیر معمولی دانے نکلنے کی صورت میں فوری سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


