اسلام آباد: سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آج پھر ہوگی، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک ریفرنسز پر سماعت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کے سلسلے میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو آج پانچویں مرتبہ اڈیالہ جیل سے عدالت لایا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو ریفرنسز پر فیصلے کے لیے مزید 6 ماہ کا وقت دے دیا ہے، نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث آج بھی گواہ واجد ضیا پر جرح جاری رکھیں گے۔
واجد ضیا کے گزشتہ سماعت کے سوالات قطری شہزادے کو سوال نامہ بھیجنے پر تھے، انھوں نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے پیشگی سوال نامہ نہ بھیجنے کا متفقہ فیصلہ کیا تھا۔
آج بھی قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو سخت سیکورٹی کے حصار میں اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت لائے گی۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی
گزشتہ سماعت پر نیب کے تفتیشی افسر نے بیان دیا تھا کہ 2000 کے بعد محض دو سال میں شریف خاندان کے اثاثے صفر سے 50.49 ملین ڈالرز تک پہنچے، یہ اثاثے نواز شریف نے حربے کے طور پر خاندان کے نام شیئرز کی صورت میں رکھوائے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔