تازہ ترین

نوجوان کا پائلٹ بنتے ہی بزرگوں کے لیے انوکھا تحفہ

نئی دہلی: بھارتی نوجوان نے پائلٹ بننے کے بعد اپنے گاؤں کے بزرگوں کو انوکھا تحفہ پیش کر کے ایک نئی مثال قائم کردی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر جالندھر کے گاؤں سارنگ پور سے تعلق رکھنے والے ویکاس جیانی نے پائلٹ بنتے ہی نہ صرف اپنے بچپن کا خواب پورا کیا بلکہ گاؤں کے بزرگوں کا بھی دیرینہ خواب پورا کردیا۔

ویکاس نے پائلٹ کا امتحان پاس کیا اور پہلی پرواز کے کامیاب تجربے کے بعد اپنے گاؤں کے 22 معمر افراد کو فضائی سفر کروایا، مسافروں میں 90 سالہ خاتون مسافر بھی تھیں جبکہ دیگر کی عمریں 70 برس سے زائد تھیں۔

بھارتی نوجوان نے گاؤں کے تمام بزرگوں کو اپنے خرچے پر نئی دہلی مدعو کیا اور پھر انہیں بھارتی دارالحکومت سے امرتسر تک کا ہوائی سفر کروایا جس کے بعد تمام معمر افراد نے گولڈن ٹیمپل، جلیاں، والہ باغ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ بھی کیا۔

بھارتی نوجوان کے اس تحفے پر گاؤں کے تمام بزرگ بہت خوش نظر آئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ معاشی تنگ دستی کے باعث انہوں نے کبھی جہاز کے سفر کا تصور بھی نہیں کیا تھا البتہ ویکاس نے ناممکن کو ممکن بنا دیا۔

بھارتی نوجوان کے والد کا کہنا تھا کہ ’میرے بیٹے کو بچن سے ہی یقین تھا کہ ایک ایسا دن آئے گا جب وہ جہاز ضرور اڑائے گا، ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ویکاس کامیاب پائلٹ بن گیا‘۔

بملا بی بی جو 90 برس کی ہیں اُن کا کہنا تھا کہ میں نے جہاز پہلی بار دیکھا اور آج بیٹھنے کا اتفاق بھی ہوا، پہلے بھی کئی لوگوں نے امید دلائی تھی مگر وہ پورا نہیں کرسکے البتہ ہمارے بچے نے اس خواب کو پورا کروایا۔

گاؤں کے دیگر بزرگوں کا کہنا تھا کہ ویکاس ہمیشہ بڑوں کا ادب و احترام کرتا ہے، اُس نے ہم سے وعدہ کررکھا تھا کہ پائلٹ بننے کے بعد سب سے پہلے ہمیں آسمانوں کی سیر کروائے گا۔

Comments

- Advertisement -