منگل, جون 9, 2026
اشتہار

سکھر سمیت ملک بھر میں شدید طوفانی بارشیں، حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 19 زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (03 جون 2026): سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔

مختلف شہروں میں حادثات کے باعث 4 افراد جاں بحق، 19 زخمی ہو گئے ہیں، کندھ کوٹ کے نواحی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی، روجھان میں طوفانی آندھی سے سولر پلیٹیں اڑ گئیں، 2 افراد جاں بحق، 1 زخمی ہو گیا۔

صادق آباد میں طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے، درخت، سائن بورڈ، دیواریں اور بجلی کے پول گر گئے، جس سے 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔


سندھ کے شہر سکھر میں آندھی، بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، کندھ کوٹ اور گرد و نواح میں آندھی اور مٹی کے طوفان کی وجہ سے متعدد مقامات پر سائن بورڈز اور سولر پینلز گر گئے، جیکب آباد، ٹھل اور گڑھی خیرو میں آندھی اور بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔


نوشہروفیروز میں طوفانی ہوائیں اور شدید آندھی کے دوران حادثے میں ایک خاتون جاں بحق، جب کہ 12 افراد زخمی ہو گئے، مورو میں مختلف مقامات پر سولر پلیٹیں اور سائن بورڈ گر گئے، جن کی زد میں آ کر 5 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جب کہ مذکورہ خاتون پڈعیدن گرڈ اسٹیشن کی دیوار گرنے سے جاں بحق ہوئی اور 7 دیگر افراد زخمی ہوئے، جن میں 3 کم سن بچے بھی شامل ہیں۔

کوٹلی میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد زخمی ہوئے، مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے تتہ پانی اسپتال منتقل کیا لیکن وہاں کوئی ڈاکٹر دستیاب نہیں تھا، لواحقین نے اسپتال میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی پر احتجاج بھی کیا۔

شہداد کوٹ اور گرد و نواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، قبو سعید خان میں انڈے کی سائز کے اولے گرے۔ میہڑ اور گرد و نواح میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی اور گرد و نواح میں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوش گوار ہو گیا، میرپور آزاد کشمیر، منگلا، اسلام گڑھ میں موسلادھار بارش نے موسم خوش گوار کر دیا، ایبٹ آباد، گلیات، نتھیا گلی، ایوبیہ، ٹھنڈیانی میں بھی جم کر بادل برسے۔

وزیر آباد شہر اور گرد و نواح میں گرد آلود آندھی کا طوفان اور بارش ہوئی، پشاور اور گرد و نواح میں شدید آندھی اور طوفان سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔


سکھر اور گرد نواح میں طوفانی بارش سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے، بارش کے 6 گھنٹے بعد بھی شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال نہ ہو سکی، شدید آندھی اور موسلا دھار بارش سے سیپکو ریجن کے 46 گرڈ اسٹیشن متاثر ہوئے۔ متعدد 132 کے وی اور 220 کے وی ٹرانسمیشن سرکٹس ٹرپ ہونے سے بجلی فراہمی معطل ہوئی۔


ترجمان سیپکو کے مطابق طوفانی موسم کے باعث مختلف مقامات پر ٹاورز، پولز اور ٹرانسمیشن لائنوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد بحال کرنے کے لیے فیلڈ ٹیمیں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، راولپنڈی میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، آج بھی بارش کا امکان ہے، لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی، آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بارش جاری رہنے کا امکان ہے، فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔

کراچی میں گرمی کا سلسلہ برقرار ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں