اسلام آباد : بابوسر ٹاپ، نانگا پربت ،بٹو گاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری کے باعث شاہراہِ بابوسر کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چلاس اور دیامر کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری اور بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
رات گئے بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔
ڈپٹی کمشنر دیامر عطاالرحمان کاکڑ نے بتایا کہ بابوسر ٹاپ پر 8 انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث شاہراہِ بابوسر کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسافر اور سیاح متبادل شاہراہِ قراقرم پر سفر کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
مزید پڑھیں : سوات میں اچانک دن رات میں بدل گیا
چلاس اور گردونواح میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے ، ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بابوسر ٹاپ پر کوئی بھی مسافر یا گاڑی پھنسی ہوئی نہیں ہے، تمام افراد محفوظ ہیں ، موسم بہتر ہوتے ہی شاہراہ بابوسر سے برف ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔
دوسری جانب مانسہرہ میں گزشتہ رات شدید برف باری کے وادی کاغان کاموسم صاف ہو گیا ہے اور ناراں بیسر سڑک سے مشینری برف صاف کرنے میں مصروف ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ پہاڑوں سمیت سیاحتی مقامات بیسرجلکڈ بٹہ کنڈی میں 4انچ سے زائدبرف پڑ چکی ہے ، ناراں آنے والے سیاح موسمی حالات مدنظر رکھتےہوئے سفر کریں۔


