اسلام آباد(17 مئی 2026): ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر میں ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کے لیے نئی اور سخت پالیسی نافذ کرتے ہوئے سال 2026 کے سمسٹر سے انٹری ٹیسٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
نئی تعلیمی گائیڈ لائنز کے مطابق اب کوئی بھی سرکاری یا نجی جامعہ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے لیے اپنے الگ انٹری ٹیسٹ منعقد نہیں کر سکے گی۔ تمام جامعات میں داخلے اب ایچ ای سی کی تعلیمی ٹیسٹنگ کونسل کے تحت منعقد ہونے والے ہائر ایجوکیشن ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ یا گریجویٹ ریکارڈ ایگزامینیشن سے مشروط ہوں گے۔
ایچ ای سی نے میرٹ کے فروغ اور نظام کو بہتر بنانے کے لیے گریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 کی بعض شقیں فوری طور پر واپس لے لی ہیں۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ اس نئی پالیسی کا بنیادی مقصد ملک بھر کی جامعات میں داخلوں کا ایک یکساں، معیاری اور شفاف قومی فریم ورک قائم کرنا ہے۔ ایچ ای سی نے تمام پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے تعلیمی اداروں کو ان نئی گائیڈ لائنز پر فوری طور پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


