لاہور : گھر بیٹھے غلط یا ڈپلیکیٹ ای چالان منسوخ کرنے کا طریقہ سامنے آگیا ، شہری اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک نیا آن لائن پورٹل متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے شہری غلط یا ڈپلیکیٹ ای چالان منسوخ کرا سکتے ہیں اور اس کے لیے PSCA آفس جانے یا قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اتھارٹی نے بتایا کہ اگر کسی ڈرائیور کو ایک ہی خلاف ورزی پر متعدد چالان موصول ہوں، جو سسٹم یا تکنیکی خرابی کے باعث جاری ہوئے ہوں، تو وہ اب اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
چالان منسوخ کرانے کا طریقہ
PSCA کے ای چالان پورٹل پر جائیں۔
اپنی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور شناختی کارڈ نمبر (CNIC) درج کریں۔
پورٹل پر موجود “Review” آپشن پر کلک کریں۔
مسئلے کی مختصر وضاحت لکھیں، مثال کے طور پر “مجھے ایک ہی تاریخ اور وقت کے لیے دو چالان موصول ہوئے ہیں۔”
اتھارٹی نے مزید بتایا کہ یہ نیا سسٹم شکایات کے ازالے کے عمل کو تیز کرے گا، دفاتر پر بوجھ کم کرے گا، اور غلط یا ڈپلیکیٹ چالانز کو فوری حذف کرنے میں مدد دے گا۔
مزید سہولت کے لیے PSCA نے “Public Safety” ایپ بھی متعارف کرائی ہے، جو اینڈرائیڈ اور iOS دونوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔
اس ایپ کے ذریعے بھی شہری اپنے ای چالان کا جائزہ لے سکتے ہیں اور ریویو یا منسوخی کی درخواست جمع کر سکتے ہیں۔


