کراچی (20 جنوری 2026): کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے میرین یونٹ نے کھلے سمندر میں الغفوری اور الکبیر نامی لانچوں سے 38 ہزار لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل برآمد کر لیا۔
کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کے میرین یونٹ نے بلوچستان کی ساحلی پٹی سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، میرین یونٹ کراچی نے مصدقہ اطلاع پر سمندر میں کارروائی کی تھی۔
اس کارروائی کے دوران 2 لانچوں الغفوری اور الکبیر کو بلوچستان کے ساحلی علاقے مالان میں کامیابی سے روکا گیا، آپریشن کا ہدف کھلے سمندر میں غیر ملکی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اسمگلنگ کو ناکام بنانا تھا۔
آپریشن کے دوران میرین یونٹ نے مجموعی طور پر 38,265 لیٹر HSD برآمد کیا، الغفوری سے 18,100 لیٹر اور الکبیر سے 20,165 لیٹر ڈیزل ضبط کیا گیا۔
کسٹمز انفورسمنٹ میرین یونٹ کے مطابق اس کارروائی کے دوران دونوں لانچیں قبضے میں لے لی گئی ہیں، ضبط شدہ ڈیزل اور لانچوں کی مالیت 4 کروڑ روپے ہے، ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت کارروائی جاری ہے۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں



