منگل, اکتوبر 6, 2026
اشتہار

حنا جاوید قتل کیس میں تفتیش کا رخ اصل ملزم کے بجائے گھریلو ملازم کی جانب موڑنے کا خدشہ، اہل خانہ کا بڑا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی:حناجاوید قتل کیس میں اہل خانہ نے پولیس تفتیش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا پولیس تفتیش کا سارا رخ اصل ملزم کے بجائے گھریلو ملازم کی طرف موڑ کر سچ چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے چرقہ برطرف حنا جاوید قتل کیس میں مقتولہ کے اہل خانہ نے پولیس کی تفتیشی کارروائی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، وزارتِ قانون اور پارلیمنٹ کی کاکس کمیٹی کو باقاعدہ خطوط ارسال کر دیے ہیں۔

مقتولہ کے بھائی کی جانب سے لکھے گئے خط میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ پولیس تفتیش کا سارا رخ اصل ملزم کے بجائے گھریلو ملازم کی طرف موڑ کر سچ چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والی خون آلود چادر پولیس نے تحویل میں لینے کے بجائے مقتولہ کے سسر کے حوالے کر دی، جبکہ حنا جاوید کے موبائل سے ان کی بہن کے ساتھ تمام چیٹس اور پیغامات ڈیلیٹ کیے جا چکے ہیں۔

مقدمے میں نامزد مقتولہ کے سسر کو غیر ضروری رعایت دی جا رہی ہے، اس کے علاوہ مرکزی ملزم فیصل اصغر کے کمرے کی مناسب تلاشی نہیں لی گئی، اس کا موبائل و لیپ ٹاپ فرانزک کے لیے قبضے میں نہیں لیا گیا اور نہ ہی اس سے کوئی برآمدگی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں : حنا جاوید کے شوہر کا قتل کے الزام سے انکار، گھریلو ملازم نے اعتراف جرم کرلیا

مرکزی ملزم اور گھریلو ملازم کے موبائل فونز کی ویب ایکٹیویٹی کا فرانزک نہیں کرایا گیا، جبکہ پنجاب فرانزک لیبارٹری سے ڈی این اے اور دیگر رپورٹس کے حصول میں بھی غیر معمولی تاخیر کی جا رہی ہے۔

پولیس نے اہم گواہوں، ڈرائیور، دیگر ملازمین، ملزم کے بھائی کامل اور پڑوسیوں کے بیانات قلمبند نہیں کیے، اور نہ ہی تاحال قتل کے اصل محرک کا تعین کیا جا سکا ہے۔

مقتولہ کے لواحقین نے استدعا کی ہے کہ کیس کی تفتیش فوراً کسی آزاد تفتیشی ٹیم کے سپرد کی جائے، تمام الیکٹرانک آلات کا فوری فرانزک کرایا جائے اور پنجاب فرانزک لیبارٹری سے ڈی این اے رپورٹس جلد سے جلد حاصل کر کے مظلوم فیملی کو انصاف فراہم کیا جائے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حنا جاوید کو بے رحمانہ طریقے سے قتل کیا گیا اور وہ انصاف کے منتظر ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں