اداکارہ حنا طارق کا کہنا ہے کہ ڈراموں میں ایسے مناظر کو ترجیح دیتی ہوں جنہیں میرے والدین بھی دیکھ سکیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’رحمت‘ میں اداکارہ حنا طارق ’پریشے‘ کا مرکزی کردار نبھا رہی ہیں جسے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
اداکارہ اس سے قبل ڈرامہ سیریل ’نقاب‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کرچکی ہیں۔
تاہم حال ہی میں حنا طارق نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’دی بز لک‘ میں شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ آپ کی صرف یہی شوبز کی زندگی نہیں ہوتی، آگے ایک اور زندگی بھی ہے جو آپ کی نجی زندگی ہے، جلد یا بدیر آخر مجھے کسی سے شادی کرنی ہے، ایک عورت پورا معاشرہ چلاتی ہے اور تین نسلیں اس پر منحصر ہوتی ہیں۔
حنا طارق نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں اپنے لباس کے بارے میں بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ڈراموں میں بھی ایسے مناظر کرنے کو ترجیح دیتی ہوں جنہیں میرے والدین آرام سے بیٹھ کر دیکھ سکیں، اگرچہ ہماری انڈسٹری میں بولڈ مناظر نہیں ہوتے لیکن پھر بھی میں بہت محتاط رہتی ہوں۔


