عمرکوٹ: ھندو برادری کی جانب سے بھارتی جنگی جنون اور مودی سرکار کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی ، ہندو برادری نے بھارت کو پیغام دیا کہ پاکستان کی جانب بُری نگاہ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال لیں گے۔
عمرکوٹ کی ہندو برادری کی جانب سے بھارتی جنگی جنون اور مودی سرکار کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی سے قبل عمرکوٹ کی ھندو برادری کی جانب سے مرلی دھر مندر میں امن اور ملکی سالمیت کے لئے خصوصی پوجا پاٹھ اور پراتھنا کی گئی۔ پوجا پاٹھ کے بعد شہریوں نے مرلی دھر مندرسے ریلی نکالی، جو شہر کی مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارتی جنگی جنون اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم جنگ کے خلاف ہیں ، اگر ہندوستان نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم اپنے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔
شرکاء نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کرے اور انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق زندگی بسر کرنے کا حق تسلیم کرے، شرکاء ریلی میں شریک نوجوان اور بچے بھارت کے خلاف شدید نعرے لگارہے تھے۔