کوئٹہ: بلوچستان میں سیلابی ریلے کے سبب پھنس جانے والے ہندو یاتریوں کو نکالنے کے لیے ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج بھی اپنےبھرپور وسائل استعمال کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ضلع کچھی میں ہندو یاتریوں کے سیلابی ریلے میں پھنس جانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر نصیرآباد ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کچھی کو فوری طور پر ہندو برادری سے رابطہ کرکے واقعہ کی معلومات کے حصول کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ایف سی، لیویز اور پی ڈی ایم اے پر مشتمل امدادی ٹیموں کو ہنگامی بنیادوں پر مذکورہ مقا م کی جانب روانہ کرکے ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ کو پاک فوج سے رابطہ کرکے ہیلی کاپٹر سپورٹ کے حصول کے ساتھ ساتھ حکومت بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کو بھی ریسکیو آپریشن کے لئے استعمال کرنے اور پھنسے لوگوں کی جان بچانے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی مذہبی امور دنیش کمار کا کہنا تھا کہ ہندو یاتریوں کے 10 سے زائد اونٹ سیلابی ریلے میں بہہ گئے جبکہ ان کے پاس خوراک کا ذخیرہ بھی موجود نہیں ہے جس کے سبب انہیں اس وقت شدید مشکلات کا سامنا بھی ہے۔