لاہور : چڑیا گھر کے لئے دو کروڑ پچاس لاکھ کی لاگت سے ساوتھ افریقہ سے دریائی گھوڑا منگوالیا گیا، طبی کلیئرنس ملتے ہی اسے انکلوژر میں چھوڑ دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے تاریخی چڑیا گھر میں ایک نئے اور قیمتی مہمان کا اضافہ ہو گیا، جنوبی افریقہ سے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کی خطیر لاگت سے ایک نیا دریائی گھوڑا منگوایا گیا ہے۔
چڑیا گھر انتظامیہ نے بتایا کہ نئے مہمان کو فی الحال قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جہاں ماہر ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم اس کا تفصیلی طبی معائنہ کر رہی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زو کا کہنا ہے کہ طبی کلیئرنس ملتے ہی اسے جوڑے کی صورت میں انکلوژر میں چھوڑ دیا جائے گا تاکہ وہ نئے ماحول کے مطابق خود کو ڈھال سکے۔
چڑیا گھر میں دریائی گھوڑے کی آمد نے بچوں اور بڑوں دونوں کو نہال کر دیا ہے۔
سیر کے لیے آئے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ دریائی گھوڑوں کی جوڑی کو ایک ساتھ دیکھ کر انہیں بہت اچھا لگ رہا ہے اور وہ ان کی اٹکھیلیوں سے خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔
لاہور زو انتظامیہ نے مزید خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ دریائی گھوڑے کے بعد اب جلد ہی گینڈے کا دوسرا جوڑا بھی لاہور لایا جائے گا، جس سے چڑیا گھر کی رونقوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
سدرہ غیاث اے آر وائی نیوز لاہور سے بطور رپورٹر وابستہ ہیں


