کراچی: پاکستان کی نامور اداکارہ حرا مانی نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کھری کھری سنادی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حرا مانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کی تھیں اور بتایا تھا کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران مستحقین میں راشن تقسیم کررہی ہیں۔
اداکارہ کی تصاویر پر مداحوں نے تنقید کی اور اسے تشہیر قرار دیا جس پر حرا مانی میدان میں آئیں اور انہوں نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کھری کھری سنادیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی اور اُس کے ساتھ طویل اسٹیٹس شیئر کیا۔ حرا مانی نے لکھا کہ ’جب کوئی مقبول شخصیت فیشن یا لائف اسٹائل کے حوالے سے کوئی پوسٹ شیئر کرے تو وہ ٹرینڈ بن جاتا ہے مگر جب کوئی نیک نیتی سے اچھائی کا کام کرے اور اسے شیئر کرے تو اُسے گٹھیا اور سستی شہرت کا نام دے دیا جاتا ہے۔
حرا کے شوہر اور مزاحیہ اداکار مانی نے کہا کہ ہم نے انسٹاگرام پر راشن کی تصاویر شیئر کیں تو لوگ تنقید کرنے لگے جبکہ اس کا مقصد یہ تھا کہ اگر کوئی ضرورت مند ہو تو وہ رابطہ کرلے۔
انہوں نے کہا کہ ’تصاویر اس لیے بھی پوسٹ کی تھیں کہ فنڈز جمع کرنے میں آسانی ہو مگر افسوس کے لوگوں نے اس اقدام کو سراہنے کے بجائے اس پر انگلیاں اٹھانا شروع کیں اور کام کو گھٹیا کہنا شروع کردیا۔