لاہور کا تاریخی شاہی قلعہ مغلیہ دور کے فنِ تعمیر، جاہ و جلال اور نایاب ورثے کی عظیم الشان علامت ہے جسے 1981ء میں عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا تھا۔
ماضی کے دور سلطنت میں لاہور کیسا دکھائی دیتا ہوگا؟ اس سوال کا جواب دینے کے لیے شاہی قلعہ میں ایک منفرد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں اور سیاحوں کے سامنے تاریخی ماحول میں مغلیہ دور کی شاہانہ روایات، ثقافت اور طرزِ زندگی کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔
اے آر وائی نیوز لاہور کی نمائندہ جویریہ اجمل کی رپورٹ کے مطابق ’ہسٹری بائی نائٹ‘ کے عنوان سے منعقدہ اس خصوصی پروگرام میں شرکا کو ایسے انداز میں شاہی قلعے کا دورہ کرایا گیا کہ جیسے وہ صدیوں قبل اس مغلیہ دربار کے شاہی مہمان ہوں۔
تقریب میں روایتی موسیقی، ڈھول کی تھاپ پر رقص، فنونِ لطیفہ اور مختلف ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے تاریخ کو موجودہ دور میں زندہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا استقبال شاہی انداز میں کیا گیا، جس کے بعد انہیں گائیڈز کی نگرانی میں مخصوص راستے سے شاہی قلعے کی جانب لے جایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شرکا کے لیے روایتی شاہی سواری کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کے ذریعے انہیں قلعے کے مرکزی مقام تک پہنچایا گیا۔
اس موقع پر شاہی قلعے میں داخل ہوتے ہی مہمانوں کو فنکارانہ اور ثقافتی مظاہرے دیکھنے کو ملے، قلعے کے مختلف حصوں میں متعدد ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
مذکورہ تقریب میں مغلیہ دور سے منسوب مختلف نمائشی اشیا بھی رکھی گئی تھی، شرکا کے لیے بادشاہ اکبر کے طرز کا شاہی لباس بھی موجود تھا، جسے پہن کر سیاح یادگاری تصاویر بنوا سکتے تھے۔
تقریب کا مرکزی حصہ شاہی طرز کی خصوصی پرفارمنس تھی، جس میں بادشاہ اور دربار کے ماحول کو ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا جس میں شاہی دور کے رنگ، موسیقی روایات اور درباری ماحول کو اجاگر کیا گیا۔
’ہسٹری بائی نائٹ‘ کے اس تجربے میں شاہی قلعے کی تاریخی عمارت اور رات کے وقت روشن ماحول نے تقریب کی کشش میں مزید اضافہ کیا۔




