جمعرات, مئی 14, 2026
اشتہار

بچوں میں ایچ آئی وی کا تیز پھیلاؤ، خطرے کی گھنٹی بج گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سال 2026 کے دوران سندھ میں ایچ آئی وی کیسز کی مجموعی تعداد 894 تک جا پہنچی، جس میں 329 بچے بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی ہے، جس نے صوبائی محکمہ صحت اور طبی ماہرین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

Health News- Latest Updates

محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کی سال 2026 کے دوران صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 894 تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹ میں سب سے زیادہ پریشان کن انکشاف بچوں کے حوالے سے ہوا، حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک 329 بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہو چکی ہے، جن میں 188 لڑکے اور 141 لڑکیاں شامل ہیں۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں کیسز کے بڑھنے کی بنیادی وجہ غیر محفوظ طبی طریقے، استعمال شدہ سرنجوں کا دوبارہ استعمال اور اتائیوں کی جانب سے علاج معالجے میں لاپرواہی ہے۔

طبی ماہرین نے انتباہ جاری کیا ہے کہ 2019 کے بدنامِ زمانہ ‘رتوڈیرو اسکینڈل’ کے اثرات تاحال محسوس کیے جا رہے ہیں۔ بالغ افراد میں بھی کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث وائرس کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک طبی مراکز میں اسٹرلائزیشن کے اصولوں پر سختی سے عمل نہیں ہوتا، اس وائرس پر قابو پانا مشکل ہوگا۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں اسکریننگ اور آگاہی مہم جاری ہے، حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ایچ آئی وی سے خوفزدہ ہونے کے بجائے بروقت تشخیص اور علاج پر توجہ دی جائے، کیونکہ جدید طبی سہولیات کی مدد سے اس وائرس پر قابو پا کر متاثرہ افراد ایک عام زندگی گزار سکتے ہیں۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں