نئی دہلی: بھارتی شہر بھونیشور میں ہاکی ورلڈ کپ 2018 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشت اور اے آر رحمان نے پرفارم کیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر بھونیشور میں ہاکی ورلڈ کپ 2018 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشت اور اے آر رحمان نے جلوے بکھیرے۔
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے پرفارم کرنے سے قبل ہاکی سے متعلق ریلیز ہونے والی ’چک دے انڈیا’ کا حوالہ بھی دیا، فلم چک دے انڈیا میں شاہ رخ خان نے بھارتی ویمن ہاکی ٹیم کے کوچ کا کردار ادا کیا تھا۔
بعدازاں مادھوری ڈکشت نے اپنی فلموں کے مشہور گانوں پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، اے آر رحمان کے گانوں پر بھی شائقین خوب محظوظ ہوئے۔
ہاکی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ورلڈ کپ میں پاکستان سمیت 16 ٹیمیں شریک ہیں، قومی ٹیم 8 سال بعد میگا ایونٹ میں شرکت کررہی ہے۔
قومی ٹیم نے 2010 میں آخری بار بھارت میں ہی ورلڈ کپ کھیلا تھا جس میں اس نے آخری پوزیشن پائی تھی جبکہ 2014 میں گرین شرٹس ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے۔
پاکستان کو چار بار ہاکی ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، قومی ہاکی ٹیم اور جرمنی یکم دسمبر کو آمنے سامنے ہوں گے، قومی ٹیم کو گروپ ڈی میں جرمنی، ملائیشیا اور ہالینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے، اگلا چیمپئن کون ہوگا اس کا فیصلہ 16 دسمبر کو ہونے والے فائنل میچ میں ہوگا۔