ہفتہ, فروری 15, 2025
اشتہار

ہانگ کانگ مظاہرہ، چین نے برطانیہ کو خبردار کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

بیجنگ: ہانگ کانگ میں جاری مظاہرے کے پیش نظر چین نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے۔

تفصیلات کے مطابق مجرمان کی چین حوالگی سے متعلق مجوزہ بل کے خلاف ہانگ کانگ میں 3 ہفتوں سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جس میں اس بل سمیت چینی حکومت پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو روز قبل ہانگ کانگ کی پارلیمنٹ پر مظاہرین نے دھاوا بول دیا تھا، اور توڑ پھوڑ کے بعد پارلیمنٹ کی عمارت پر برطانوی جھنڈا بھی لگا دیا تھا۔

ردعمل میں چین نے برطانیہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ میں جاری مظاہرے کی آڑ میں اپنے سیاسی مقاصد حاصل نہ کرے، اور ہمارے ڈومسٹک معاملات میں کسی صورت ٹانگ نہ آڑائے۔

برطانیہ میں تعینات چینی سفارت کار لی ژومنگ کا کہنا تھا کہ لندن حکام کی جانب سے ہانگ کانگ مظاہرے کو سپورٹ سے ہمارے تعلقات خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہانگ کانگ پارلیمنٹ پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، قانون کو ہاتھ میں لینے پر سخت کارروائی ہونی چاہیئے۔

ہانگ کانگ میں جھڑپوں کے بعد مظاہرین کا پارلیمنٹ پر قبضہ

چینی سفارت کار کے اس بیان کے بعد برطانوی دفترخارجہ نے لی ژومنگ کو طلب کیا، اور ان کے حالیہ بیان پر شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں مجرمان کی حوالگی سے متعلق پیش کیے گئے قانون کے تحت نیم خود مختار ہانگ کانگ اور چین سمیت خطے کے دیگر علاقوں میں کیس کی مناسبت سے مفرور ملزمان کو حوالے کرنے کے معاہدے کیے جائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں