اسلام آباد: ملک میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے لیے اعلان کردہ مالی معاونت جلد فراہم کر دے گا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی سفیر نے سرکاری خبر رساں ادارے ‘اے پی پی’ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اس موقع پر نواف بن سعید المالکی نے اے پی پی کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ سعودی عرب پاکستان کیلئے اعلان کردہ مالی معاونت جلد فراہم کردے گا، رائل کورٹ سے منظوری اور دستخط کے بعد مالی معاونت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاک سعودیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط تعلقات کا حامل عزیز ملک تصور کرتے ہیں، ہمارا تعلق پاکستانی پرچم سے ہے اور اسے برادر ملک سمجھتے ہیں۔
نواف بن سعید المالکی کا مزید کہنا تھا کہ 3سال میں وزیراعظم عمران خان کے 6 دورے تعلقات کےعکاس ہیں، پاکستان میں بہت سی مثبت چیزیں ہیں جن پرفخر کیا جا سکتا ہے۔