ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنے کا بھیانک انجام! بچے نہ دیکھیں

واشنگٹن: امریکا میں گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنا ڈرائیور کو مہنگا پڑگیا، خطرناک حادثے میں خوش قسمتی سے شہری کی جان بچ گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا حادثہ امریکی ریاست وسکون سن میں پیش آیا جہاں ڈرائیور کار چلاتے ہوئے موبائل بھی استعمال کررہا تھا، اس دوران گاڑی بے قابو ہوکر سڑک کے اطراف لگے حصار میں جاگھسی، خوش قسمتی سے ڈرائیور بچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق سڑک کے اطراف لوہے کی سلاخ سے دفاعی حصار بنایا گیا تھا جو گاڑی کے سامنے والے شیشے سے کھسا اور بیک مرر توڑتا ہوا باہر نکل گیا، اس حادثے میں کار تقریباً تباہ ہوگئی۔
اس واقعے میں ڈرائیور کو معمولی زخم آئے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون خود سے دور رکھیں، معمولی غفلت سے بھی آپ کی جان جاسکتی ہے، ڈرائیورز سڑک پوری توجہ سے گاڑی چلائیں۔
خیال رہے کہ مذکورہ حادثہ دن بارہ بجے کے قریب پیش آیا، بعد ازاں ریسکسو عملے نے لوہے کی سلاخ کاٹ کر گاڑی کو حصار سے باہر نکالا، زخمی ڈرائیور کو مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔