کبیر والا : موٹر وے پر بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں بس ہوسٹس جاں بحق اور 6مسافر زخمی ہوگئے، حادثہ کبیر والا کے قریب دھند کے باعث پیش آیا۔
کبیر والا کے علاقے مخدوم پور انٹرچینج کے قریب ایم 4 موٹر وے پر افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، بس اور ٹریلر میں تصادم دھند کے باعث ہوا۔ حادثے میں ایک بس ہوسٹس جاں بحق اور 6افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بس لاہور سے ملتان جارہی تھی، اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی عملے نے بس کو کاٹ کر اندر پھنسے افراد کو باہر نکالا، جاں بحق بس ہوسٹس کی لاش اور زخمی افراد سول اسپتال کبیر والا منتقل کیا گیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت اور نیند کے باعث پیش آیا۔
مزید پڑھیں : جامشورو موٹر وے پر بس اور ٹریلر میں تصادم، 3 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ گزشتہ سال حیدرآباد جامشورو ایم 9 موٹر وے پر بس اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 10زخمی ہوگئے تھے۔
اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ بس پنجاب سے کراچی جارہی تھی، تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا تھا۔
اس سے قبل بھی انڈس ہائی وے خانوٹ پر گاڑی الٹ کر گڑھے میں گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


