اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو جاری رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی موجودگی ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کا پاکستان کے دورے اور ہمیشہ کرکٹ کے کھیل کی حمایت کرنے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔
وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ کھیل کے جذبے کو برقرار رکھیں، آپ کی موجودگی ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی لینڈرز کے دورہ پاکستان جاری رکھنے پر کہا کہ سری لنکن ٹیم نے کھیل کے جذبے اور یکجہتی کی بہترین مثال قائم کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا کا کھیل، دوستی اور اسپورٹس مین اسپرٹ قابل تعریف ہے، پاکستان اور سری لنکا کے ون ڈے میچز 14 اور 16 نومبر کو راولپنڈی میں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کی ضمانت دینے کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
زمبابوے کی ٹیم تین ملکی ٹورنامنٹ کیلئے اسلام آباد پہنچ گئی
سری لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ جو کھلاڑی وطن واپس آنا چاہتے ہیں انھیں روکا نہیں جائے گا، جو کھلاڑی واپس آئیں گے ان کا متبادل پاکستان بھیج دیا جائے گا۔
مہمان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


