کراچی (09 جون 2026): عباسی شہید اسپتال کے 92 ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو کورونا الاؤنس کی عدم ادائیگی کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے ڈاکٹرز کو کورونا الاؤنس کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔
وکیل درخواست گزار جبران ناصر نے عدالت کو بتایا کہ کورونا وبا کے دوران ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو 24 ہزار روپے الاؤنس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، لیکن ڈاکٹرز کو تاحال کورونا الاؤنس ادا نہیں کیا گیا۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو 45 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی تھی، کورونا الاؤنس شامل ہونے کے بعد 69 ہزار روپے ماہانہ ادا کیے جانے تھے، لیکن حکومت نے 7 سال گزرنے کے باوجود الاؤنس ادا نہیں کیا۔
وکیل درخواست گزار کے مطابق اسپتال میں 92 ہاؤس جاب ڈاکٹرز تعینات تھے، درخواست گزار نے عدالت سے کورونا الاؤنس کی ادائیگی کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی۔
’’متاثرہ حصوں سے مردہ جلد ہٹانے کا عمل جاری ہے‘‘ ڈاکٹر ماہ نور سے متعلق اسپتال ذرائع کا بیان
عدالت میں وکیل حکومت سندھ نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا عباسی شہید اسپتال کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام ہے، اس معاملے میں سندھ حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔ کے ایم سی کے وکیل نے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی۔
تاہم عدالت نے آئینی درخواست منظور کرتے ہوئے کورونا الاؤنس کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔


