کراچی : گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والی ملازمہ اپنی ساتھیوں سمیت پکڑی گئی، یہ عورتیں مالکن کا اعتماد حاصل کرکے اسی گھر کا صفایا کردیتی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتیاں کرنے والی گھریلو ملازمہ کا نو رکنی گروہ پکڑا گیا، اس حوالے سے ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی نے صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار خواتین ملازمہ آپس میں رشتہ دار ہیں۔
مذکورہ گروہ گلستان جوہر اور گلشن اقبال کے علاقوں میں وارداتوں میں ملوث ہے، انہوں نے بتایا کہ اس گروہ نے بہادر آباد، نیو ٹاؤن، دیگرعلاقوں میں بھی وارداتیں کیں، گرفتار خواتین کا تعلق پاکپتن اور گلشن معمار بنگالی پاڑہ سے ہے۔
ایس پی گلشن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ یہ خواتین گھر والوں کا اعتماد بحال ہونے کے بعد اپنے ساتھیوں کے ذریعے ان ہی گھروں میں ڈکیتیاں کرتی تھیں ۔
اس موقع پر طاہر نورانی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گھریلو ملازمین کا ریکارڈ لازمی رکھیں، انہوں نے بتایا کہ گروہ سے زیورات خریدنے والوں کو بھی گرفتار کریں گے۔