گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صدر مملکت کی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کے ساتھ کیسے کوئی دھوکا کرسکتا ہے یہ وہی بہتر بتا سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنرسندھ نے کہا کہ صدر مملکت کا ٹویٹ دیکھا ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، صدر کے ساتھ کیسے کوئی دھوکا کرسکتا ہے یہ وہی بہتر بتا سکتے ہیں، صدر نظام کے کمانڈر ہیں، معلوم نہیں ان کے آفس میں کس نے یہ کیا۔
گورنر کا کہنا تھا کہ صدر مملکت ہی بتا سکتے ہیں کہ ایسا کیوں ہوا، یہ پاکستان کی عزت کی بات ہے، لوگ اب بنانا ری پبلک کی بات کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ صدر نے دستخط نہیں کیے تو دستخط کیسے ہوگئے جواب صدر کو دینا ہوگا، اس قوم کو بار بار مشکل میں ڈالا جا رہا ہے، دل دکھا ہے کہ بار بار ہم کیوں رسوا ہو رہے ہیں۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم بہت زیادہ ہے، امید ہے نئے آئی جی سندھ اسٹریٹ کرائم کے خلاف کام کریں گے۔